ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / مولانا ریاست علی بجنوری ؒ کی وفات امت مسلمہ کے لیے عظیم خسارہ:آل انڈیا امامس کونسل

مولانا ریاست علی بجنوری ؒ کی وفات امت مسلمہ کے لیے عظیم خسارہ:آل انڈیا امامس کونسل

Mon, 22 May 2017 21:55:28    S.O. News Service

نئی دہلی22مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ازہرِہند، مادرِعلمی دارالعلوم دیوبند کے عظیم سپوت اور علمی دنیا کے ماہر فن استاذ، لاکھوں علماء، محدثین، مفسرین، ادباء، و معلمین کے رہبر، حضرت مولانا ریاست علی ظفر بجنوریؒ صاحب، استاذِ حدیث دارالعلوم دیوبند کی اچانک وفات نے امت مسلمہ کوسکتے میں ڈال دیا ہے۔ آپ کی وفات یقینا امت مسلمہ بالخصوص دارالعلوم دیوبند کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس زمانہ میں آپ کا وجود علمی دنیا کے لیے ایک معیار اور نمونہ تھا۔ اللہ تعالی علمی دنیا دارالعلوم دیوبند کو نعم البدل اور اہل خانہ اور اہل سلوک کو صبر جمیل عطا فرمائے“۔ (آمین)  ان باتوں کا اظہار استاذِ حدیث کی وفات پر آل انڈیا امامس کونسل کی جانب سے منعقد ایک تعزیتی مجلس میں کونسل کے ذمہ داران نے کیا۔ آپ کی رحلت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوے کونسل کے قومی صدر مولانا محمد احمد ندوی نے کہا کہ: ”آپ کی رحلت یقینا موت العالم موت العالَم کا مصداق ہے۔ اس وقت پوری دنیا میں لاکھوں کی تعداد میں آپ کے فیض یافتہ علماء، ائمہ اور مفکرین موجود ہیں جو مختلف فیلڈ میں دین کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے نصف قرن کی دینی اور علمی آبیاری فرمائی ہے“۔انھوں نے کہا کہ: ”حضرت مولانا ریاست علی صاحب ؒ دارالعلوم کے اساتذہ میں ایک فائق مقام رکھنے والے صاحب الرائے اور صائب الرائے استاذ تھے“۔آل انڈیا امامس کونسل اربابِ دارالعلوم اور اصحابِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ساری امت مسلمہ سے اپیل کرتی ہے کہ وہ آپ علیہ الرحمہ کے لیے ہر پل ایصالِ ثواب کریں اوراللہ تعالی سے دعا کریں کہ حضرت مولانا کو جنت الفردوس میں انبیاء، شہداء اور صالحین کے ساتھ جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔


Share: